ماس ٹرانزٹ کوریڈور سے ٹریفک دبائوکم ہوگا :کمشنر
آرام دہ اور تیز سفری سہولیات ملیں گی ،معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر) کمشنر محمد علی نے کہا ہے کہ گوجرانوالہ میں ماس ٹرانزٹ کوریڈور منصوبہ شہری ترقی، جدید سفری سہولیات اور مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے اہم سنگ میل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ٹرانسپورٹ پراجیکٹ نہیں بلکہ گوجرانوالہ کے شہری مستقبل کیلئے ایک نئی بنیاد ہے جو عوام کو محفوظ، آرام دہ اور تیز سفری سہولیات فراہم کرے گا جبکہ شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو نمایاں طور پر کم کرے گا اور معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نوید احمد بھی موجود تھے جبکہ متعلقہ محکموں کے افسر و ں نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے دوران منصوبے کے مختلف مراحل، تکنیکی مسائل، ٹریفک مینجمنٹ، زمین کے استعمال، انفراسٹرکچر کی ضروریات اور مستقبل کی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی۔ کمشنر نے کہا کہ ترقی یافتہ شہروں کی شناخت جدید پبلک ٹرانسپورٹ سے ہوتی ہے ۔ انہوں نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ اس منصوبے کی تکمیل میں معیار، شفافیت اور بروقت عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنائیں تاکہ عوام جلد اس اہم منصوبے کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments