’’ نوجوانوں کواسلاف کے کارناموں سے روشناس کراناضروری ‘‘
اتحاد و اخوت کو فروغ دیا جائے :علما و مشائخ، امام احمد رضا خان بریلوی کو خراج عقیدت
فیصل آباد(سٹی رپورٹر) آستانہ عالیہ محدث اعظم پاکستان مرکزی سنی رضوی جامع مسجد جھنگ بازار میں مجدد اعظم امام احمد رضا خان بریلوی کے سالانہ عرس کے سلسلے میں روحانی و علمی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں علما کرام، مشائخ عظام، مذہبی شخصیات اور عقیدت مندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے سجادہ نشین پیر فیض رسول حیدر، صاحبزادہ محمد علی حیدر، مولانا کوکب نورانی، پیر اجمل رضا قادری، سید مراتب شاہ، سید پیر ارشد القادری، سید ضہیب شاہ، مفتی محمد فضل رسول، مولانا ضیاء اللہ قادری، مولانا طیب رضا اور دیگر علما و مشائخ نے خطاب کیا۔مقررین نے کہا کہ امام احمد رضا خان بریلوی برصغیر کی عظیم علمی و روحانی شخصیت تھے ، جنہوں نے اپنی پوری زندگی قرآن و سنت کی تعلیمات کے فروغ، عشق رسول ﷺ کے پیغام کو عام کرنے اور اسلامی عقائد کے تحفظ کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ ان کی علمی، دینی اور روحانی خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں۔ انہوں نے اپنی تصانیف اور علمی کاوشوں کے ذریعے امت مسلمہ کی رہنمائی کی اور مشکل دینی مسائل میں اہل سنت کی مؤثر ترجمانی کی۔ موجودہ دور میں نوجوان نسل کو اپنے اسلاف کے علمی و دینی کارناموں سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ امام احمد رضا خان بریلوی کی تعلیمات ہمیں قرآن و سنت سے وابستگی، محبت رسول ﷺ اور اتحاد و اخوت کا درس دیتی ہیں۔ مسلمانوں کو چاہیے کہ اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالیں اور معاشرے میں امن، محبت، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیں۔تقریب کے شرکا نے امام احمد رضا خان بریلوی کی دینی و ملی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments