سات روزہ انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہوگی

سات روزہ انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہوگی

مہم کے دوران پانچ سال کی عمر کے 25 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے ڈپٹی کمشنرز کو سو فیصد کوریج کا ہدف،کوریج والے علاقوں پر خصوصی توجہ کی ہدایت

کراچی (این این آئی) کراچی میں انسداد پولیو مہم آج( پیر) 21 ستمبر سے شروع ہوگی جو 27 ستمبر تک جاری رہے گی۔ کمشنر کراچی سید حسن نقوی کے مطابق مہم کے دوران شہر میں پانچ سال تک کی عمر کے تقریباً 25 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ، جبکہ مہم کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔کمشنر کراچی پولیو ٹاسک فورس کے کوآرڈینیٹر سعود یعقوب نے بریفنگ میں بتایا کہ متعلقہ ای او سی، محکمہ صحت کے افسران، پولیو ٹیموں، ایریا انچارجز، مختلف محکموں کے خصوصی طور پر تعینات اہلکاروں اور عالمی شراکت داروں کے نمائندوں کے ساتھ مل کر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ کمیونٹی کے افراد سے بھی رابطہ کرکے ان کا تعاون حاصل کیا جارہا ہے۔

سید حسن نقوی نے تمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ مہم کے دوران فیلڈ میں موجود رہیں اور روزانہ کی پیش رفت سے انہیں آگاہ رکھیں۔ ڈپٹی کمشنرز پولیو ٹیموں کی تعیناتی، سیکیورٹی انتظامات اور عالمی شراکت داروں سے رابطے سمیت تمام ضروری امور کی نگرانی کریں گے ۔انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو سو فیصد ویکسی نیشن کا ہدف دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کم کوریج والے علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے ۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولیو ورکرز کی تربیت اور بریفنگ کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے ، جبکہ ڈاکٹروں سے ملاقاتوں اور جرگہ اجلاسوں کے ذریعے بھی تعاون حاصل کیا گیا ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...