واسا کیخلاف 200 سے زائد شکایات، شہری پھٹ پڑے
کمشنر کی شکایات کی دعوت پر واسا کی ناقص کارکردگی کی تصاویر، ویڈیوز اپ لوڈ ، گلیوں، سڑکوں اور آبادیوں میں گندا پانی، واسا کی کارکردگی پر سوالات
فیصل آباد(ذوالقرنین طاہر سے ) واسا کے خلاف شکایات کا نیا ریکارڈ سامنے آگیا۔ کمشنر فیصل آباد عمران حامد شیخ کی جانب سے شہریوں کو واسا سے متعلق اپنی شکایات، تصاویر اور ویڈیوز براہِ راست سرکاری صفحے پر اپ لوڈ کرنے کی دعوت دی گئی تو صرف ایک گھنٹے میں شہر بھر سے 200 سے زائد علاقوں کی شکایات سامنے آگئیں۔ شہریوں نے 354 سے زائد تبصرے کیے ، جن میں گلیوں، سڑکوں، پارکوں اور آبادیوں میں کھڑے گندے پانی، ابلتے گٹروں، بند سیوریج لائنوں اور ناقص نکاسی آب کی شکایات شامل تھیں۔تفصیلات کے مطابق ڈویژنل انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو براہِ راست شکایات سامنے لانے کا یہ اپنی نوعیت کا پہلا تجربہ تھا، تاہم پوسٹ سامنے آتے ہی شہریوں نے بڑی تعداد میں مسائل کی تصاویر اور ویڈیوز اپ لوڈ کرنا شروع کردیں۔ شہریوں کی جانب سے سامنے آنے والی شکایات نے واسا کی کارکردگی کے دعوؤں پر سوالات اٹھا دیئے ،صرف ایک گھنٹے کے دوران ڈوگر چوک نور پور، شیخوپورہ روڈ، قائداعظم پارک، سوساں روڈ گرین بیلٹ، محمدی پارک غلام محمد آباد، گرین ٹاؤن ملت روڈ، امین آباد، جوالا نگر، مدینہ ٹاؤن، خیابان کالونی، نیو گارڈن بلاک، ملت چوک تا نشاط آباد، مدینہ ٹاؤن ایکس بلاک، سرگودھا روڈ مدینہ چوک، نثار کالونی، حاجی آباد، ماڈل سٹی، نڑوالا روڈ کلیم شہید پارک، رچنا ٹاؤن، 224 ر۔ب،
قاری چوک نوابانوالہ، گرونانک پورہ، رمضان آباد، مظفر کالونی، سمن آباد، رسالے والا، ستارہ کالونی، محلہ عثمان غنی، عرفان کالونی سمانہ، ملت روڈ دھنولہ، بیس لائن اسلم پارک، رضا آباد، منیر آباد، سہیل آباد، بٹالہ کالونی، حیدرآباد، خرم چوک، سعید کالونی، نعمت آباد روڈ، نیو ناظم آباد، عابد شہید روڈ، عمر ٹاؤن، ہمت پورہ، راجہ غلام رسول نگر، پیپلز کالونی، رشید آباد، سدھوپورہ، مکوآنہ، نگہبان پورہ اور ستارہ ڈائمنڈ سٹی ستیانہ روڈ سمیت متعدد علاقوں سے شہریوں نے شکایات درج کرائیں۔شہریوں کا کہنا تھا کہ کئی علاقوں میں سیوریج کا پانی کئی کئی روز تک سڑکوں اور گلیوں میں کھڑا رہتا ہے ، گٹر ابل رہے ہیں اور نالیاں بند ہیں، جبکہ تعفن اور گندگی کے باعث معمولات زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔شہریوں نے سوال اٹھایا کہ اگر صرف ایک گھنٹے میں 200 سے زائد علاقوں کی صورتحال سامنے آسکتی ہے تو واسا کے موجودہ شکایات کے نظام اور فیلڈ مانیٹرنگ کی صورتحال کیا ہے ؟ شہریوں کا کہنا تھا کہ افسران دفاتر میں بیٹھ کر ‘‘سب اچھا’’ کی رپورٹس بھجواتے رہے ، شہریوں نے مطالبہ کیا کہ درج کی جانے والی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور ناقص کارکردگی کے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments