اپنی چھت اپنا گھر پروگرام ، اعتراضات نہ بتانے کا انکشاف
1لاکھ 13ہزار درخواستوں پر اعتراضات ، کئی درخواست گزار وجوہات سے لاعلم اعتراض دور کرنے کاموقع فراہم کرنے کیلئے بینک کو اعتراضات واضح کرنیکی ہدایت
لاہور(شیخ زین العابدین )اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں درخواستوں پر اعتراضات کی تفصیلات درخواست گزاروں کو نہ بتانے کا انکشاف ،ایک لاکھ 13ہزار 265درخواستوں پر اعتراضات کیے گئے ، کئی درخواست گزار اعتراض کی وجوہات سے لاعلم رہے ۔اخوت اور اربن یونٹ سے منظوری کے بعد بھی بعض کیسز بینک آف پنجاب پہنچ کر اعتراض کا شکار ہوئے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں درخواستوں کی جانچ پڑتال کے دوران اہم معاملہ سامنے آگیا۔ایک لاکھ سے زائد درخواستوں پر اعتراض لگنے کے بعد درخواست گزاروں کو وجوہات سے آگاہ نہ کرنے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ درخواست گزار کیلئے یہ جاننا مشکل ہوگیا کہ درخواست میں موجود کمی یا مسئلے کو کیسے دور کیا جائے ۔درخواست گزاروں کو اعتراض کی نوعیت واضح نہ ہونے سے کیس پر پیشرفت کا عمل بھی متاثر ہورہا ہے ۔ قواعد و ضوابط میں درخواست پر اعتراض کی صورت میں درخواست گزار کو آگاہ کرنے اور اعتراض دور کرنے کا موقع فراہم کرنے کی شرط موجود ہے ۔معاملہ سامنے آنے پر سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے پنجاب بینک کو اعتراضات کی وجوہات واضح کرنے کی ہدایت جاری کر دی ۔ محکمہ ہاؤسنگ کی ہدایت پردرخواست گزار کو اعتراض دور کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا تاکہ قرض حصول کیلئے اہل کیسز غیر واضح اعتراضات کی وجہ سے زیر التوا نہ رہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments