فائر ہائیڈرنٹس شہریوں کے ذاتی پانی پوائنٹس بن گئے، ایمرجنسی میں فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ
کہیں برتن دھوئے جا رہے ہیں تو کہیں کپڑے اور دیگر اشیا، وال کھول کر پانی کا بے دریغ استعمال جاری ، وال بار بار کھولنے اور غیرضروری استعمال سے آلات خراب ہونے کیساتھ پانی کے پریشر کا نظام بھی متاثر ہو رہا
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) آگ بجھانے کے لیے اہم مقامات پر نصب فائر ہائیڈرنٹس شہریوں نے ذاتی پانی کے پوائنٹس بنا لیے ، کہیں برتن دھوئے جا رہے ہیں تو کہیں کپڑے اور دیگر اشیا، وال کھول کر پانی کا بے دریغ استعمال جاری ہے ۔ ہائیڈرنٹس کے وال اور دیگر آلات خراب ہونے کے ساتھ کسی ہنگامی صورتحال میں فائر بریگیڈ کو پانی کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔واسا کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں، اہم چوکوں اور دیگر حساس مقامات پر فائر ہائیڈرنٹس نصب کیے گئے تھے تاکہ آتشزدگی یا کسی بھی ہنگامی صورتحال کے دوران فائر بریگیڈ کو بروقت اور وافر مقدار میں پانی فراہم کیا جا سکے ۔ شہریوں نے ان ہائیڈرنٹس کو ذاتی استعمال میں لینا شروع کردیا ہے ۔
کہیں شہری وال کھول کر برتن دھوتے نظر آتے ہیں تو کہیں کپڑے اور دیگر اشیا دھونے کے لیے پانی استعمال کیا جا رہا ہے ۔ہائیڈرنٹس کے وال بار بار کھولنے اور غیرضروری استعمال سے وال اور دیگر آلات خراب ہونے کے ساتھ پانی کے پریشر کا نظام بھی متاثر ہو رہا ہے ۔ اس کے نتیجے میں کسی بڑے حادثے یا آتشزدگی کے دوران فائر بریگیڈ کو مطلوبہ پریشر کے ساتھ فوری پانی کی فراہمی میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔واسہ حکام کا کہنا ہے فائر ہائیڈرنٹس شہریوں کے ذاتی استعمال کے لیے نہیں بلکہ عوامی جان و مال کے تحفظ کے لیے نصب کیے گئے ہیں۔غیرضروری استعمال نہ صرف سرکاری تنصیبات کو نقصان پہنچا سکتا ہے بلکہ ہنگامی صورتحال میں بڑے خطرے کا سبب بھی بن سکتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments