تجاوزات کیخلاف آپریشن بلا امتیاز جاری رکھنے کا حکم، عارضی تعمیرات مسمار کرنے کی ہدایت

تجاوزات کیخلاف آپریشن بلا امتیاز جاری رکھنے کا حکم، عارضی تعمیرات مسمار کرنے کی ہدایت

شہر بھر کی سڑکوں اور گلیوں میں قائم تجاوزات ٹریفک کی بلاتعطل روانی میں رکاوٹ ہیں:ڈاکٹر عمران حامد شیخ ،میونسپل افسر وں کی روزانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا

فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)کمشنر فیصل آباد و ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے شہر بھر میں تجاوزات کیخلاف آپریشن پوری قانونی قوت کے ساتھ بلاامتیاز جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجاوز شدہ پختہ و عارضی تعمیرات کو مسمار کرکے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کی پیش رفت شیئر کی جائے ۔انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تجاوزات مافیا کے خلاف جاری گرینڈ آپریشن پر میونسپل آفیسر ریگولیشن کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف کارروائیوں میں کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں اور گلیوں میں قائم تجاوزات ٹریفک کی بلاتعطل روانی میں رکاوٹ ہیں، جن کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے تاکہ قانون کی بالادستی یقینی بنانے کے ساتھ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول اور آمدورفت میں آسانی فراہم کی جاسکے ۔کمشنر و ایڈمنسٹریٹر نے میونسپل افسران کی روزانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کا بھی فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ہر شعبے میں ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے ، اس مقصد کے لیے ایسے مؤثر اقدامات کیے جائیں جن سے میونسپل کارپوریشن کو شکایت فری ادارہ بنایا جاسکے ۔ڈاکٹر عمران حامد شیخ نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کی سروسز کا معیار عوامی توقعات سے بڑھ کر بنانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...