منشیات فروشی کیس، ملزم سپراسٹور کے اسسٹنٹ منیجر کی ضمانت
ملزم کا مجرمانہ ریکارڈ نہیں، پھر یہ حرکت کرے تو پکڑ لینا،عدالت کے ریمارکسمحمود اختر اسٹور پر آنے والے افراد کو چرس سپلائی کرتا تھا،تفتیشی افسر کا بیان
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ نے نجی سپر اسٹور کے اسسٹنٹ منیجر کے خلاف مبینہ منشیات فروشی کے مقدمے میں ملزم محمود اختر کی ضمانت منظور کرلی۔سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس اقبال کلہوڑو نے بلوچ کالونی تھانے میں درج مقدمے کی سماعت کی۔ ملزم محمود اختر کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کا مؤکل سابق سرکاری ملازم اورایک سپر اسٹور میں اسسٹنٹ منیجر کے طور پر کام کررہا ہے ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ اسسٹنٹ منیجر کی حیثیت سے ملزم اسٹور پر کس نوعیت کے فرائض انجام دیتا ہے ؟ وکیل صفائی نے بتایا کہ ملزم اسٹور پر پانی پلانے سمیت دیگر ذمہ داریاں انجام دیتا ہے۔
جسٹس اقبال کلہوڑو نے استفسار کیا کہ ملزم سابق سرکاری ملازم ہے اور تعلیم یافتہ بھی ہے ، کیا پنشن سے گزارہ نہیں ہوتا؟ وکیل صفائی نے بتایا کہ ملزم نے وقت سے پہلے ریٹائرمنٹ لی ہے اور اسے پنشن سمیت دیگر فوائد بھی حاصل نہیں ہوتے ۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سپر اسٹور میں ملازمت کی آڑ میں اسٹور پر آنے والے افراد کو چرس سپلائی کرتا تھا۔ملزم کے قبضے سے ایک ہزار 60 گرام چرس برآمد ہوئی ہے ۔ عدالت نے ملزم کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ سے متعلق بھی استفسار کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ ملزم کا کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں، وہ تعلیم یافتہ ہے، اگر دوبارہ ایسی حرکت کرے تو پھر پکڑ لینا۔ عدالت نے ملزم کوایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments