شاہراہِ بھٹو کے اطراف ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایت
ملحقہ سڑکوں کی تزئین و آرائش اور کام جلد مکمل کیے جائیں،ناصرشاہوزیر بلدیات کا شاہراہِ بھٹو، کاز وے برج اور کورنگی نمبر 5 فلائی اوور کا دورہ
کراچی (این این آئی) وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے شاہراہِ بھٹو، کورنگی کاز وے برج اور کورنگی نمبر 5 فلائی اوور سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا، اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈاکٹر وسیم شمشاد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ وزیر بلدیات کو مختلف منصوبوں پر جاری کام، پیش رفت اور تکمیل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ناصر حسین شاہ نے شاہراہِ بھٹو کے اطراف سڑکوں کی تزئین و آرائش اور ترقیاتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہِ بھٹو سے ملحقہ سڑکوں کے ترقیاتی کاموں میں مزید تیزی لائی جائے۔
انہوں نے شاہراہِ بھٹو سے ڈی ایچ اے کو ملانے والے لوپ اور عائشہ مسجد تک جانے والی رابطہ سڑک کا بھی معائنہ کیا اور ہدایت کی کہ ڈی ایچ اے سے عائشہ مسجد تک شاہراہِ بھٹو کے لوپ کے ترقیاتی کام جلد مکمل کیے جائیں۔ وزیر بلدیات سندھ نے کورنگی نمبر 5 فلائی اوور کے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ فلائی اوور کا تعمیراتی کام آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے ، اسے جلد عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، جس سے کورنگی کے شہریوں کو آمدورفت میں نمایاں سہولت ملے گی۔ ناصر حسین شاہ نے افسران کو ہدایت کی کہ کراچی کے اہم روڈ انفراسٹرکچر منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments