دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی:مقررین
مسلح افواج، شہدا اور ہیروز کی قربانیاں آئندہ نسلوں کیلئے مشعلِ راہ رہیں گی
وزیرآباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر )یومِ دفاعِ پاکستان کے سلسلہ میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سابق چیئرمین بلدیہ خواجہ جمیل ایڈووکیٹ، سٹی صدر مسلم لیگ (ن)میر ماجد علی سالار، صدر بابائے صحافت پریس کلب افتخار احمد بٹ، شبیر حسین جونیجو، خواجہ شعیب، زوہیب افتخار بٹ اور شوزب عزیز بٹ نے شرکت کی۔ شرکا نے متفقہ طور پر اس پختہ یقین کا اظہار کیا کہ دنیا کی کوئی طاقت پاکستان کو ختم نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ یہ یقین ہمارے آباؤ اجداد، شہدا اور غازیوں کی لازوال قربانیوں اور روشن تاریخ سے جنم لیتا ہے جنہوں نے جرات، عزم اور غیر متزلزل ایمان کے ساتھ وطنِ عزیز کا دفاع کیا۔
شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے عوام اپنی پیار ے مادرِ وطن کے حقیقی محافظ اور نگہبان ہیں اور وہ ہر حال میں پاکستان کی خودمختاری، سالمیت اور وقار کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہیں۔قومی ہیروز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے شرکاء نے اس عہد کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان کی خدمت خلوصِ نیت، لگن اور حب الوطنی کے جذبے سے جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، شہدا اور قومی ہیروز کی قربانیاں ہمیشہ آنے والی نسلوں کیلئے مشعلِ راہ رہیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments