سیالکوٹ سے اغوا ہونے والا 2سالہ بچہ گجرات سے بازیاب
پانی پینے کے بہانے گھر داخل ہونیوالی عورت گلی میں کھیلتے بچے کو اٹھا کر لے گئی
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )تھانہ ہیڈمرالہ کے علاقے گوندل سے اغوا ہونے والا دو سالہ بچہ گجرات سے بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔ تھانہ ہیڈ مرالہ کے علاقہ گاؤں گوندل کے رہائشی ریاض نے بذریعہ 15 پولیس کو اطلاع کی کہ کوئی نامعلوم خاتون پانی پینے کے بہانے ان کے گھر آئی اور موقع پاکر گلی میں کھیلتے ہوئے اس کے دو سالہ پوتے اذان علی کو اٹھا کر فرار ہوگئی۔ ڈی پی او سیالکوٹ کیپٹن (ر)دوست محمد نے معصوم بچے کے اغوا کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی صدر سرکل رانا ندیم طارق کی سربراہی میں خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دیں اور بچے کی جلد از جلد بحفاظت بازیابی کے احکامات جاری کئے۔
ڈی پی او کی ہدایت پر پولیس ٹیموں نے ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندی اور سخت چیکنگ شروع کردی جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیجز، جدید تکنیکی ذرائع، ہیومن انٹیلیجنس اور بین الاضلاعی رابطہ کاری کی مدد سے مربوط اور منظم سرچ آپریشن کیا گیا۔ پولیس کے مسلسل تعاقب اور مؤثر فالو اَپ کے باعث اغواکار خاتون گرفتاری کے خوف سے بچے کو گجرات میں چھوڑ کر فرار ہوگئی۔ پولیس نے بچے کو بحفاظت تحویل میں لے لیا جبکہ ملزمہ کی شناخت اور گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پو لیس نے بچے کو ورثا کے حوالے کر دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments