آرپی او کاضلع حافظ آباد کا دورہ ، دفاترکاافتتاح ،تھانوں کامعائنہ
ونیکے تارڑ میں کھلی کچہری ،مسائل سنے ،حل کاحکم، مال مسروقہ مالکان کے سپردکیا
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)آرپی او خرم شہزاد وڑائچ نے عوام کو بروقت انصاف فراہمی اور پولیس افسروں و اہلکاروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ضلع حافظ آباد کا دورہ کیا۔ پنڈی بھٹیاں میں ایس ڈی پی او آفس کا افتتاح کیا۔ بعد ازاں تھانہ سٹی میں مال خانے کا معائنہ کیا اور مال مقدمات کی حفاظت، ریکارڈ کی بروقت تکمیل اور متعلقہ ضوابط پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔آر پی او نے تھانہ ونیکے تارڑ میں کھلی کچہری لگائی، لوگوں کے مسائل سنے اور متعلقہ افسروں کو موقع پر ہی فوری میرٹ پر کارروائی کے احکامات جاری کیے ۔ انہوں نے کہا عوام کے جان و مال کا تحفظ اور انہیں فوری انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے ۔ آر پی او نے پولیس لائنز حافظ آباد میں مال خانہ صدر اور ایس ڈی پی او صدر سرکل آفس میں بھی دفتری امور، ریکارڈ اور انتظامی معاملات کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں ایس پی انویسٹی گیشن کے نئے دفتر کا افتتاح کیا۔ آر پی او نے ڈی پی او آفس حافظ آباد میں پریس کانفرنس کے دوران پولیس کی جانب سے برآمد کیا گیا مال مسروقہ اصل مالکان کے حوالے کیا ۔ آخری مرحلے میں آر پی او نے تھانہ صدر حافظ آباد میں ریکارڈ، حوالات و دیگر امور کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ تھانوں میں آنے والے سائلین کی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments