احمد نگر چٹھہ:نجی ہسپتالوں میں نان کوالیفائیڈ سٹاف تعینات
مریضوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق،محکمہ صحت حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ
احمد نگر چٹھہ(نمائندہ دنیا )پرائیویٹ ہسپتالوں میں غیر تعلیم یافتہ اور نان کوالیفائیڈ سٹاف کی تعیناتی، مریضوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق احمد نگر اور گردنواح میں قائم متعدد پرائیویٹ ہسپتالوں میں غیر تعلیم یافتہ اور نان کوالیفائیڈ سٹاف کو تعینات کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے ، جہاں طبی تربیت سے محروم افراد کی جانب سے مریضوں کی دیکھ بھال اور مختلف طبی امور انجام دینے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ صورتحال پر عوامی و سماجی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ نجی ہسپتالوں میں علاج معالجے کے لیے آنے والے مریض اور ان کے لواحقین یہ توقع رکھتے ہیں کہ انہیں مستند ڈاکٹرز، تربیت یافتہ نرسنگ سٹاف اور دیگر ماہر طبی عملہ دستیاب ہوگا، تاہم بعض اداروں میں مبینہ طور پر ایسے افراد کو مریضوں کی دیکھ بھال اور طبی نوعیت کے کاموں پر مامور کیا جا رہا ہے جن کے پاس مطلوبہ تعلیمی قابلیت یا پیشہ ورانہ تربیت موجود نہیں۔عوامی حلقوں کے مطابق طبی شعبے میں معمولی غفلت بھی مریض کی صحت کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے ، اس لیے نجی ہسپتالوں میں تعینات ڈاکٹرز، نرسنگ سٹاف، ٹیکنیشنز اور دیگر عملے کی تعلیمی اسناد اور متعلقہ پیشہ ورانہ رجسٹریشن کی جانچ ضروری ہے ۔سماجی رہنماؤں اور شہریوں نے محکمہ صحت پنجاب کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وزیرآباد کے تمام نجی ہسپتالوں اور کلینیکل اداروں کی اچانک انسپکشن کرائی جائے ، غیر تربیت یافتہ افراد کی تعیناتی کی شکایات کی تحقیقات کی جائیں اور خلاف ورزی ثابت ہونے پر ذمہ دار ہسپتال انتظامیہ کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments