غزہ مارچ فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کی علامت:ڈاکٹرطارق
نسل کشی پر عالمی برادری کو مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا،امیر جماعت اسلامی پنجاب
گجرات(سٹی رپورٹر )جماعت اسلامی پنجاب کے امیرڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ غزہ مارچ فلسطینی مسلمانوں سے اظہاریکجہتی کی علامت ہے ، پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے حق میں مؤثر آواز بلند کرے ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی صرف احتجاج تک محدود نہیں بلکہ الخدمت کے ذریعے فلسطین میں غذائی اور طبی امداد بھی فراہم کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اہل پاکستان کی جانب سے فراہم کیے گئے فنڈز سے فلسطینیوں کی مدد جاری ہے ، جبکہ مصر میں دفتر قائم کرکے غزہ سے منتقل ہونے والے خاندانوں کی معاونت بھی کی جا رہی ہے ۔ انہو ں نے فلسطین کی صورتحال پر عالمی برادری کے کردار کو انتہائی مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کے باوجود فلسطینیوں کی شہادتوں اور زخمی ہونے کا سلسلہ جاری ہے ۔ فلسطینیوں کی نسل کشی پر عالمی برادری کو مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی فوجی طاقت اور ٹیکنالوجی کا دعویٰ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے ، جبکہ امریکا اسرائیل کی حمایت کرکے فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم میں شریک ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں اسرائیلی پالیسیوں کے خلاف آواز بلند ہو رہی ہے اور امریکی عوام کو بھی اپنی حکومت کی اسرائیل پالیسی کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے ۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ لانگ مارچ اور احتجاج ہر سیاسی جماعت کا آئینی و جمہوری حق ہے ، تاہم قانون اور امن و امان برقرار رہنا چاہیے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments