سی ٹی او کا دورہ چیمبر آف کامر س‘ٹریفک مسائل پر تبادلہ خیال
شیخوپورہ روڈ پر کسی کو نہیں روکا جا رہا،غلط پارکنگ پر کارروا ئی کی جا رہی :وسیم اختر
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر وسیم اختر نے گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا جہاں کاروباری برادی کو درپیش ٹریفک مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر صدر چیمبر شیخ غلام حسین جج، سینئر نائب صدر ارشد مغل، نائب صدر رانا فرحان اصغر، سابق صدر رانا صدیق خاں، وقاص افضل مغل، ظفر اقبال ڈار، نیئر جمیل بھٹی، ایگزیکٹو ممبران اور گوجرانوالہ کی مختلف مارکیٹوں کے صدور موجود تھے ۔صدر چیمبر غلام حسین جج نے کہا کہ چیمبر شہر اور کاروباری برادری کی بہتری کیلئے کام کر رہا ہے اور شہر کی ترقی کیلئے ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر چلنا ہوگا۔شہر میں چالانوں کی تعداد بہت زیادہ ہے اور ٹریفک اہلکاروں کو د ئیے گئے ٹارگٹس میں کمی کی جائے ، شہر میں کوئی بھی راستہ مکمل طور پر کھلا نہیں ،شیخوپورہ روڈ میٹل کا مرکز ہے اور 70سے 80فیصد گڈز ٹرانسپورٹ شیخوپورہ روڈ پر ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شیخوپورہ روڈ کو 24 گھنٹے کام کی اجازت دی جائے اور صبح 6 سے 10 بجے تک کے نوٹیفکیشن پر نظرثانی کی جائے تاکہ گاڑیاں اَن لوڈنگ کیلئے داخل ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں گاڑی کھڑی کرنے کی جگہ نہ ہونے سے گاہک نہیں آ رہے اور پارکنگ کی اجازت نہ ملی تو کاروباری برادری کیلئے مشکلات بڑھ جائیں گی ۔ سی ٹی او نے کہا کہ ہم تاجروں کا کاروبار خراب کرنے کیلئے نہیں ،شیخوپورہ روڈ پر کسی کو نہیں روکا جا رہا، البتہ غلط پارکنگ کرنے والے ٹرالے خلاف ورزی کر رہے ہیں،بی آر ٹی بس سروس چلنے کے بعد بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments