سڑکوں پر سواریاں اتارنے اور بٹھانے کی اجازت نہیں ہوگی:سی ٹی او
لاہور(کرائم رپورٹر)سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی سے حاجی خالد کی زیرقیادت بس اونرزایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی، نان اے سی بس اونرز کے مسائل اور انکے ممکنہ حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سی ٹی او نے واضح کیا کہ مختص بس سٹینڈز کے علاوہ سڑکوں پر جگہ جگہ سواریاں اتارنے اور بٹھانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ آزادی فلائی اوور، بتی چوک،شاہدرہ چوک سمیت دیگر مقامات پر غیر قانونی پارکنگ کیخلاف کارروائی کی جائیگی جبکہ شہر میں روڈ سائیڈ پارکنگ اور غیر قانونی اڈے قائم نہیں کرنے دیئے جائینگے ۔ ہیوی ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر بس یا ویگن چلانے والوں کو صرف چالان نہیں بلکہ مقدمات کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ بسیں اور ویگنیں صرف تربیت یافتہ ڈرائیورز ہی چلا سکیں گے ، جنکے پاس مؤثر ڈرائیونگ لائسنس ہونا ضروری ہے ۔ ڈرائیورز کیلئے ٹریفک قوانین سے متعلق خصوصی ریفریشر کورسز کروانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے ۔ڈرائیور لائسنس، روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی پاس رکھیں۔ بسوں کی چھتوں پر سواریاں بٹھانے پربھی مقدمات درج کیے جائینگے ۔ملاقات میں ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کیلئے ٹریفک پولیس اور بس اونرز کے نمائندوں پر مشتمل مشترکہ کمیٹیاں فعال کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ یہ کمیٹیاں مشاورت سے ٹریفک مسائل حل کیلئے لائحہ عمل تیار کریں گی۔بس اونرز نے غیر قانونی اقدامات کے خاتمے اور ٹریفک روانی برقرار رکھنے کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments