کرک میں سی ٹی ڈی کا سرچ آپریشن، 2 دہشتگرد ہلاک، ڈی ایس پی سمیت 4 اہلکار شہید

کرک: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے ضلع کرک کے علاقے چرپیرا میں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ڈی ایس پی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) عمران الدین خان سمیت 4 پولیس اہلکار شہید ہوگئے، جبکہ جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق گزشتہ شب تھانہ خرم کی حدود میں چرپیرا روڈ پر دہشت گردوں نے ناکہ بندی قائم کی تھی، جس کے بعد دہشت گردوں کی موجودگی اور نقل و حرکت کے خلاف آج دوپہر 12 بجے سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن شروع کیا گیا۔

آپریشن کی قیادت ڈی ایس پی بانڈہ اور ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کر رہے تھے، جبکہ بم ڈسپوزل یونٹ (بی ڈی یو)، ڈرون ٹیم، ریسکیو 15 اور ریپڈ رسپانس فورس (آر آر ایف) کے اہلکار بھی کارروائی میں شریک تھے۔

پولیس کے مطابق چرپیرا میں دہشت گرد کمانڈر قیصر اقبال کے گھر پر چھاپے کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 2 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ڈی ایس پی سی ٹی ڈی عمران الدین خان، سب انسپکٹر افضل اعوان، ڈی ایس پی سی ٹی ڈی کے گن مین کاظم اور بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار امجد نے جام شہادت نوش کیا۔

شہید ہونے والے سب انسپکٹر افضل اعوان تھانہ لتمبر کے ایس ایچ او تھے۔

حکام کے مطابق علاقے میں آپریشن تاحال جاری ہے۔ ایس پی آپریشنز، ضلع کے تمام ایس ایچ اوز اور متعلقہ پولیس افسران کارروائی میں شریک ہیں، جبکہ دہشت گردوں کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...