ایران کی امریکا کو آبنائے ہرمز میں مداخلت پر دھمکی، فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا اعلان
تہران: (دنیا نیوز) ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے امریکا کو آبنائے ہرمز میں ایرانی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر خبردار کرتے ہوئے سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکی دی ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ اگر امریکی فوج نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو حفاظتی حصار فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا تو مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جائے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکی فوج کو سمجھ لینا چاہیے کہ آبنائے ہرمز میں جہازوں کو غیر قانونی سکیورٹی فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھنے کی صورت میں خطے میں امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا کہ اس کی بحریہ نے خلیج میں تیل کی منتقلی میں مصروف چار جہازوں کو بیک وقت نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں ان پر آگ بھڑک اٹھی۔
ایرانی حکام کے مطابق مزید تین جہاز آبنائے ہرمز کے مغربی حصے میں بحری بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر متاثر ہوئے۔ تاہم ان دعوؤں کی آزادانہ ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کا ایک اہم ترین بحری راستہ ہے۔ جنگ سے قبل دنیا کی تقریباً پانچویں حصے کی تیل کی رسد اسی راستے سے گزرتی تھی۔ فراہم کردہ رپورٹ کے مطابق ایران نے امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے جواب میں مارچ سے اس راستے کو بند کر رکھا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments