این سی سی آئی اے کے سرکل انچارج کا دورہ گوجرانوالہ چیمبر
ڈیٹا، ٹرانزیکشن اور دیگر معاملات میں غیر مجاز رسائی کے واقعات سامنے آ رہے عوام محفوظ رہیں گے تو ملک کے معاملات بھی ٹھیک رہیں گے :حسن سجاد نقوی
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی گوجرانوالہ کے سرکل انچارج حسن سجاد نقوی نے اسسٹنٹ ڈائریکٹرز محمد حسیب اور محمد ولید کے ہمراہ گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، جہاں چیمبر ممبران کیلئے سائبر کرائم سے متعلق آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر صدر چیمبر شیخ غلام حسین جج، سینئر نائب صدر ارشد مغل، نائب صدر رانا فرحان اصغر، ظفر اقبال ڈار، آصف مظفر، ایگزیکٹو ممبران بھی موجود تھے ۔ حسن سجاد نقوی نے خطاب میں کہا کہ تاجر برادری ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور ان کی ترقی ہی پورے ملک کی ترقی ہے ، اس لئے ان کا تحفظ اور سہولت ہماری اولین ذمہ داری ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کیلئے ہے اور ادارے عوام کی خدمت کیلئے بیٹھے ہیں، آپ محفوظ رہیں گے تو ملک کے معاملات بھی ٹھیک رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام شعبے تیزی سے ڈیجیٹلائزیشن کی طرف بڑھ رہے ہیں تاہم اس کے ساتھ ہی تقریباً ہر دوسرے شخص کو سائبر سے متعلق مسائل کا سامنا ہے اور لوگوں کے ڈیٹا، ٹرانزیکشن اور دیگر معاملات میں غیر مجاز رسائی کے واقعات سامنے آ رہے ہیں، صرف 4 ماہ میں 50 ہزار 563 شکایات موصول ہوئیں جن میں سب سے زیادہ مالی فراڈ، بلیک میلنگ، ہراسانی اور ہیکنگ کی شکایات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کا سب سے بڑا مسئلہ ڈیٹا تک غیر مجاز رسائی، فراڈ اور شناخت کی چوری ہے ، یہ سنگین جرائم ہیں جن پر کم از کم 3 سال قید اور 50 لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments