علی پورچٹھہ:کرپشن ،اختیار سے تجاوز پر ایس ایچ او معطل
قتل کی تفتیش کے دوران بے ضابطگیوں کی شکایات پر انکوائری کے بعد کارروائی جے ٹی ٹی اہلکار کو بھی معطل ،تھانے برطرف اہلکاروں کی مداخلت کا انکشاف
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )علی پورچٹھہ مبینہ بدعنوانی اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات، ایس ایچ او اور جے ٹی ٹی اہلکار کو معطل کر دیا گیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق چند ہفتے قبل بھوماں باٹھ میں نوجوان کے قتل کے مقدمے کی تفتیش کے دوران مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایات موصول ہوئی تھیں جن کی انکوائری کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ بھوماں باٹھ میں نوجوان کے قتل کے واقعے میں بعض ملزموں کی جانب سے مبینہ طور پر اقرار جرم کیے جانے کے باوجود دیگر افراد کو مقدمے میں شامل تفتیش کرنے کے نام پر شہریوں سے رقم طلب کرنے کی شکایات سی پی او گوجرانوالہ کو موصول ہوئیں۔
ان شکایات پر انکوائری کر ائی گئی جس کے بعد ایس ایچ او تھانہ علی پورچٹھہ غازی اورنگزیب اور جے ٹی ٹی اہلکار رانا ذکریا سمیع کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں معطل کر دیا گیا۔دوسری جانب شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ تھانے میں برطرف اہلکار علی حسن بٹ، معطل فاروق بھٹی، زاہد اور پی سی میں تعینات شاہد حوالدار کی مبینہ مداخلت بھی جاری تھی۔ شہریوں کے مطابق مذکورہ افراد لوگوں کو پکڑنے ، معاملات میں مبینہ لین دین اور تھانے کے انتظامی و تفتیشی امور پر اثرانداز ہوتے رہے جبکہ تھانے کے سامنے نجی ٹارچر سیل قائم ہونے کے الزامات بھی سامنے آئے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments