حافظ آباد :مہنگائی کا طوفان،کمیٹیاں کنٹرول میں ناکام
سبزیوں، پھل ،دودھ،گوشت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ،شہری پریشان
حافظ آباد (نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )حافظ آباد میں گوشت، سبزیوں اور دودھ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے مہنگائی کا طوفان برپا کر دیا جبکہ پرائس کنٹرول کمیٹیاں مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو گئی ہیں۔ ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی نے بڑے گوشت کی قیمت 900 روپے اور چھوٹے گوشت کی قیمت 1800 روپے کلو مقرر کی ہے لیکن ضلع بھر میں اس وقت چھوٹا گوشت 2800 روپے اور بڑا گوشت 1200 سے 1500 روپے کلو میں فروخت کیا جا رہا ۔اسی طرح گوالے اور دودھ فروش ضلع بھر میں نہ صرف کیمیکل شدہ اور ملاوٹی دودھ فروخت کر کے تجوریاں بھر رہے ہیں بلکہ پرائس کنٹرول کمیٹی کی جانب سے مقرر کردہ قیمتوں کی بھی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب مارکیٹ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر سبزیوں اور پھلوں کے جو ریٹس مقرر کرتی ہے ، اس میں اور شہر میں موجود دکانوں پر فروخت ہونے والی سبزیوں اور پھلوں کے نرخوں میں زمین آسمان کا فرق دکھائی دیتا ہے ۔ سبزی اور فروٹ فروشوں کا کہنا ہے کہ جب تک منڈیوں میں قیمتوں کو کنٹرول نہیں کیا جائے گا اس وقت تک وہ سستی سبزیاں اور فروٹ فروخت نہیں کر سکیں گے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کے افسر صرف چھوٹے دکانداروں کو جرمانے کر کے کاغذوں میں اپنا ٹارگٹ پورا کر لیتے ہیں جبکہ سبزی و فروٹ منڈی میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے کوئی کارروائی نظر نہیں آتی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments