ملکہ کے مرکزی بازار میں تجاوزات کی بھرمار ،گزرنا محال
دکانداروں نے قانون کی دھجیاں اڑا دیں، دونوں اطراف کئی کئی فٹ چوڑے تھڑے تعمیر
گلیانہ (نامہ نگار )ملکہ کا مرکزی بازار تجاوزات کی زد میں آگیا جس کے باعث نہ صرف پیدل چلنے والوں بلکہ گاڑیوں کی آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ مقامی دکانداروں نے قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے سڑک کے دونوں اطراف کئی کئی فٹ چوڑے پکے تھڑے تعمیر کر لئے جبکہ رہی سہی کسر دکانوں کا سامان سڑک کے درمیان سجا کر پوری کر دی گئی ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ پیرا فورس، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور دیگر تمام مقامی انتظامی ادارے اس وقت ملکہ بازار میں تجاوزات ختم کر انے میں مکمل طور پر بے بس دکھائی دے رہے ہیں ، بارہا نشاندہی کے باوجود اب تک کوئی ٹھوس یا گرینڈ آپریشن نہیں کیا جا سکا جس سے تجاوزات مافیا کے حوصلے مزید بلند ہو چکے ہیں۔سڑک سکڑنے کی وجہ سے بازار میں منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوتا ہے اور ایمرجنسی کی صورت میں کسی مریض یا ایمبولینس کا گزرنا بھی محال ہو چکا ہے ۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر گجرات اور اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور ملکہ بازار کو مسائل سے نجات دلانے کا پرزور مطالبہ کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments