سیالکوٹ : کمشنر کا زیر تعمیر 300 بستر کے ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ
پلاسٹک سرجری و برن یونٹ سمیت جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر)کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن محمد علی نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق کے ہمراہ گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کا دورہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، علاج معالجے کے انتظامات اور مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔کمشنر نے ایمرجنسی، سی ٹی سکین اور دیگر طبی شعبہ جات کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں اور لواحقین سے ملاقات کرکے علاج معالجے ، طبی سہولیات اور عملے کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔
انہوں نے مریضوں کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور ہسپتال کے انتظامی امور کو مزید بہتر بنانے پر زور دیا۔بعد ازاں کمشنر گوجرانوالہ محمد علی اور ڈپٹی کمشنر اویس مشتاق نے کمشنر روڈ پر زیر تعمیر نئے ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا جہاں متعلقہ حکام نے منصوبے کی پیش رفت، تعمیراتی سرگرمیوں اور مستقبل میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں بریفنگ دی۔تقریباً 9ارب روپے کی لاگت سے 300 بستروں پر مشتمل نیا ٹیچنگ ہسپتال تعمیر کیا جا رہا ہے جس میں آؤٹ پیشنٹ ڈیپارٹمنٹ، میڈیکل و سرجیکل آئی سی یوز اور 28بستروں پر مشتمل پلاسٹک سرجری و برن یونٹ سمیت جدید طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments