پنڈی بھٹیاں:ٹھیکیدار کی غفلت، مصطفی آباد روڈ پر حادثات معمول
ٹھیکیدار سڑک پر سیوریج پائپ ڈالنے کے بعد تین ماہ سے غائب ،گڑھے پڑچکے
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار) ٹھیکیدار اور نیسپاک کی مبینہ غفلت کے باعث مصطفیٰ آباد روڈ پر آئے روز حادثات پیش آنے لگے ۔ گزشتہ روز بھی سڑک ہموار نہ ہونے کے باعث چارے سے لدی ٹرالی الٹ گئی، جس کے نتیجے میں تین خواتین شدید زخمی ہو گئیں۔ یہ شہر کی اہم سڑک ہے ، جو درجنوں دیہات کو بھی شہر سے ملاتی ہے ۔ شہریوں کے مطابق ٹھیکیدار اس سڑک پر سیوریج پائپ ڈالنے کے بعد تین ماہ سے غائب ہے ، جس کے باعث سڑک پر گہرے گڑھے پڑ چکے ہیں۔
دوسری جانب نالے کی صفائی نہ ہونے کے باعث گندا پانی بھی سڑک پر بہہ رہا ہے ، جس سے آئے روز حادثات پیش آ رہے ہیں اور شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔ شہری حلقے اس اہم مسئلے کی جانب منتخب نمائندوں اور انتظامیہ کی توجہ مبذول کروا چکے ہیں، لیکن صورتحال جوں کی توں ہے ۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر گوجرانوالہ اور ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی فوری مرمت اور بحالی کے اقدامات کیے جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments