تاجروں کو قرض فراہمی ،گوجرانوالہ چیمبر میں آگاہی سیشن
سٹیٹ بینک بی ایس سی کی اسسٹنٹ چیف منیجرعظمیٰ اکرم کی خصوصی شرکت
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) سٹیٹ بینک آف پاکستان کے نئے ون ونڈو ڈیجیٹل فنانسنگ پورٹل ‘‘ایس ایم ای کنیکٹ’’ اور حکومتی قرضہ سکیموں سے متعلق تاجر برادری کو آگاہی فراہم کرنے کیلئے گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خصوصی آگاہی سیشن ہوا۔ سیشن میں سٹیٹ بینک بی ایس سی گوجرانوالہ کی اسسٹنٹ چیف منیجر مس عظمیٰ اکرم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، جبکہ صدارت چیمبر کے صدر شیخ غلام حسین جج نے کی۔ اس موقع پر سینئر نائب صدر محمد ارشد مغل، سابق نائب صدر اظہر اسلم، ایگزیکٹو ممبران اور تاجر برادری کے نمائندے بھی موجود تھے۔
اسسٹنٹ چیف منیجر اسٹیٹ بینک عظمیٰ اکرم نے شرکا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یکم نومبر 2026ء سے فعال ہونے والا ‘‘ایس ایم ای کنیکٹ’’ پورٹل قرضوں کے حصول کے عمل کو تیز اور شفاف بنانے کا جدید ڈیجیٹل ذریعہ ہے ، جس کے ذریعے تاجر گھر بیٹھے بینکوں اور ڈی ایف آئیز کو آن لائن درخواستیں دے سکتے ہیں۔ پورٹل پر ضمانتی اور ذاتی گارنٹی پر مبنی قرضوں کے علاوہ خواتین اور وزیراعظم یوتھ بزنس لون سکیم کی سہولیات بھی دستیاب ہیں، جبکہ ایس ایم ای سیکٹر کے لیے 300 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے اور برآمدکنندگان کے لیے تین خصوصی قرضہ سکیمیں بھی مختص کی گئی ہیں۔سیشن سے خطاب کرتے ہوئے صدر چیمبر شیخ غلام حسین جج، سینئر نائب صدر محمد ارشد مغل اور سابق نائب صدر اظہر اسلم نے اسٹیٹ بینک کے اقدام کو سراہا ۔ بعدازاں مس عظمیٰ اکرم نے دستاویزی مراحل آسان بنانے کی یقین دہانی کروائی اور شرکا کے سوالات کے جوابات دیئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments