شہربھر میں جدید ٹریفک سگنلز کی تنصیب کا کام شروع

 شہربھر میں جدید ٹریفک سگنلز کی تنصیب کا کام شروع

ڈی سی کا فرانسِیس آباد سے ملحقہ بازار،شہدائے پولیس پارک کابھی دورہ

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) گوجرانوالہ شہر میں جدید انٹیلیجنس بیسڈ ٹریفک سگنلز کی تنصیب کا کام شروع کر دیا گیا ہے ۔ انڈر گراؤنڈ وائرنگ کا کام مکمل ہو چکا ہے اور جلد سگنلز نصب کر دیے جائیں گے ۔ یہ نظام ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور رش میں کمی لانے میں معاون ثابت ہوگا۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد کے علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں کے اچانک دورے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے ٹریفک مینجمنٹ، سیوریج کے مسائل، صفائی ستھرائی اور پارکس کی تزئین و آرائش کے انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو بہتری کے لیے ہدایات جاری کیں۔ڈپٹی کمشنر نے علی الصبح سیالکوٹ روڈ اور ڈی سی آفس چوک کا دورہ کیا اور ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کے لیے جدید انٹیلیجنس بیسڈ ٹریفک سگنلز کی تنصیب کے جاری کام کا معائنہ کیا اوربتایا کہ منصوبے کے تحت انڈر گراؤنڈ وائرنگ کا کام مکمل کر لیا گیا ہے ، جبکہ جلد جدید ٹریفک سگنلز نصب کر دیے جائیں گے ۔ ۔ڈپٹی کمشنر نے شیخوپورہ روڈ پر فرانسِیس آباد سے ملحقہ بازار کا بھی دورہ کیا اور علاقے میں سیوریج کے مسئلے کا جائزہ لیا۔ انہوں نے واسا حکام کو ہدایت کی کہ سیوریج کا مسئلہ ترجیحی بنیادوں پر فوری حل کیا جائے ۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے جی ٹی روڈ پر واقع شہدائے پولیس پارک (باغِ فرحت) کا بھی دورہ کیا اور پارک کے مختلف حصوں میں تزئین و آرائش، شجرکاری اور صفائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...