گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ کوریڈور منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ ،بروقت تکمیل کی ہدایت
منصوبے کی تکمیل سے ٹریفک کے دباؤ میں کمی، سفری وقت کی بچت اور شہری نقل و حرکت میں بہتری آئیگی:چیف سیکرٹری
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر) چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت ماس ٹرانزٹ کوریڈور منصوبے کی پیش رفت کے حوالے سے کمشنر آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے کے تعمیراتی مراحل، ڈیزائن، مجوزہ روٹ، انفراسٹرکچر اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے منصوبے کی بروقت تکمیل، شفافیت اور تعمیراتی معیار یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ کوریڈور شہر کے ٹرانسپورٹ نظام میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا اور اس سے شہریوں کو جدید، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے ٹریفک کے دباؤ میں کمی، سفری وقت کی بچت اور شہری نقل و حرکت میں بہتری آئے گی۔ اجلاس میں کمشنر گوجرانوالہ و گجرات ڈویژن محمد علی، پراجیکٹ ڈائریکٹر کیپٹن (ر) زاہد سعید، ڈپٹی کمشنر نوید احمد اور متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے ۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر نے منصوبے کے تکنیکی، انتظامی اور تعمیراتی پہلوؤں، موجودہ صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے قریبی رابطہ کاری اور مسلسل مانیٹرنگ کے ذریعے اپنے فرائض انجام دیں اور انتظامی و تکنیکی مسائل فوری حل کیے جائیں۔ انہوں نے ماحولیات، شہری سہولیات، ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی مفاد کو منصوبے کے ہر مرحلے میں مقدم رکھنے پر زور دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments