کچہری چوک ری ماڈلنگ منصوبہ 6ماہ میں مکمل ہوگا ،کمشنر
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)کمشنر راولپنڈی عامر خٹک کی زیر صدارت کچہری چوک ری ماڈلنگ پراجیکٹ سے متعلق کانفرنس ہوئی، کمشنر نے کہا کہ پراجیکٹ معاہد ے کے تحت 18 ماہ میں مکمل ہونا تھا۔
اب یہ 31مئی تک یعنی 6ماہ میں مکمل ہو گا۔دھمیال میں فری قبرستان، شہریوں کی سہولت کے لیے طبی ٹیسٹوں کی لیبارٹری قائم کی جائے گی۔یہ منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچا دیا جائے گا۔منصوبے کی پیش رفت، لاگت، تکمیل کی مدت اور شہری سہولیات پر بریفنگ دی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر ہائی وے راؤ طاہر نے بتایا کہ کچہری چوک ریموڈلنگ پراجیکٹ کی مجموعی لاگت 33 ارب روپے ہے ۔ انیکسی چوک فلائی اوور اور انڈر پاس پر 3.9 ارب روپے ، کچہری چوک انڈر پاس و فلائی اوور پر 5.9 ارب روپے جبکہ افتخار جنجوعہ چوک انڈر پاس پر 2.6 ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ منصوبے کے لیے مجموعی طور پر 31 کنال اراضی استعمال کی جا رہی ہے ۔ جناح پارک میں 1.6 ارب روپے کی لاگت سے جدید پارکنگ پلازہ بھی تعمیر کیا جا رہا ہے ۔ عوامی سہولت کے لیے دھمیال قبرستان میں بلا معاوضہ تدفین کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ قبرستان قائم کیا جا چکا ہے اور آئندہ تین ماہ میں مکمل طور پر فعال ہو جائے گا جبکہ میونسپل کارپوریشن اس کی سروس فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے طبی ٹیسٹوں کی لیبارٹری قائم کی جائے گی ، سرکاری ہسپتالوں کے دورے روزانہ کی بنیاد پر کیے جا رہے ہیں۔ رنگ روڈ منصوبہ 78 فیصد تک مکمل ہو چکا ہے اور آئندہ سال اس کی تکمیل متوقع ہے ۔