صوبائی دارالحکومت کی شاہراہوں پر پنجابی میں آگاہی بورڈز نصب

 صوبائی دارالحکومت کی شاہراہوں پر پنجابی میں آگاہی بورڈز نصب

ہارن نئیں، دھیان دے ،موبائل چھڈ، ہینڈل پھڑ جیسے فقرے درج

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )پنجاب کے دارالحکومت لاہور کی بڑی اور مرکزی شاہراہوں پر پنجابی زبان میں آگاہی بورڈز نصب کر دیے گئے ہیں، جن کا مقصد شہریوں کو محفوظ ڈرائیونگ اور ٹریفک نظم و ضبط سے متعلق پیغام دینا ہے ۔ یہ اقدام پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی کی جانب سے ٹریفک آگاہی مہم کے ایک نئے اور منفرد انداز کے طور پر سامنے آیا ہے ۔بورڈز پر درج پنجابی کوٹیشنز نہ صرف آسان فہم ہیں بلکہ براہِ راست ڈرائیورز کی توجہ بھی حاصل کر رہی ہیں۔ہارن نئیں، دھیان دے  جیسے جملے غیر ضروری ہارن کے استعمال کی حوصلہ شکنی کرتے ہیں، جبکہ موبائل چھڈ، ہینڈل پھڑ سڑک پر مکمل توجہ دینے کا واضح پیغام دیتے ہیں۔پنجابی زبان میں تحریر کیے گئے یہ پیغامات پنجاب کی ثقافت اور مقامی شناخت کو بھی اجاگر کر رہے ہیں۔ شہریوں کی جانب سے ان آگاہی بورڈز کو مثبت ردعمل مل رہا ہے اور لوگ اس انداز کو سادہ، مؤثر اور قابلِ عمل قرار دے رہے ہیں۔ٹریفک قوانین سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے لیے ثقافتی اسلوب اپنایا گیا ہے تاکہ پیغام سختی کے بجائے فہم اور احساس کے ذریعے پہنچایا جا سکے ۔جو گڈو گے ، اوہی وڈو گے  جیسے اقوال ذمہ دار ڈرائیونگ اور اس کے نتائج کی یاد دہانی کراتے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں