پمز ،ڈاکٹروں نے غلط بائیوپسی کر دی ،خاتون مریضہ جاں بحق
لواحقین نے اسلام آباد ہیلتھ کئیر ریگولیٹری اتھارٹی میں درخواست دائر کردیآزاد کشمیر کی عابدہ کو پھیپھڑوں کی بیماری تھی ،ڈاکٹروں نے جگر کی بائیوپسی کر دی
اسلام آباد (نیوز رپورٹر ) پمز میں ڈاکٹروں نے مبینہ غفلت سے پھیپھڑوں کے بجائے جگر کی بائیوپسی کردی، مبینہ غلط پروسیجر کے بعد خاتون مریضہ عابدہ پروین جاں بحق ہوگئی، مریضہ کے لواحقین نے اسلام آباد ہیلتھ کئیر ریگولیٹری اتھارٹی میں درخواست دائر کردی، آزاد کشمیر ضلع ڈڈیال سے تعلق رکھنے والی خاتون مریضہ کو 9 دسمبر کو پمز لایا گیا ، ایچ او ڈی پلمونولوجی ڈاکٹر محمد اسرار نے پھیپھڑوں کی بائیوپسی کا فیصلہ کیا، 16 دسمبر کو لنگز بائیوپسی کی گئی ،بائیوپسی کے چند گھنٹے بعد خاتون مریضہ کی ہسپتال میں ہلاکت ہوئی، نجی لیبارٹری سے بائیوپسی رپورٹ میں حیران کن انکشاف ہوا، پمز کے ڈاکٹروں نے پھیپھڑوں کے بجائے مریضہ کے جگر کا ٹشو نکالا ، لواحقین نے ڈاکٹر اسرار، ڈاکٹر ہارون اشرف کو ذمہ دار قرار دیا،لواحقین نے پلمونالوجی ڈیپارٹمنٹ پروسیجر روم میں موجود دیگر ڈاکٹروں اور عملے کو بھی ذمہ دار قرار دیا ہے ،ہیلتھ کئیر ریگولیٹری اتھارٹی حکام نے درخواست موصول کرتے فوری کاروائی کا آغاز کردیا ہے ، پمز کے ای ڈی ڈاکٹر عمران سکندر نے کہا کہ ان کے علم میں نہیں ہے ،ابھی شکایت کا جائزہ لے رہے ہیں ۔