یونیفارم ،کتابیں مخصوص دکانوں سے خریدنے کاریکارڈ طلب
قائمہ کمیٹی تعلیم کا اجلاس ، نجی تعلیمی اداروں کی فیس،تنخواہیں ، دیگر ریکارڈ بھی مانگ لیا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیئر پر سن قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی تعلیم و تربیت نے پرائیویٹ پیرا کووفاقی دارالحکومت میں یونیفارم و کتابیں مخصوص دکانوں سے خریدنے سمیت نجی تعلیمی اداروں کی فیس اور دیگر ریکارڈ سمیت آ ئندہ اجلاس میں طلب کیا ہے ، کمیٹی ممبران نے این جی اوز کے تحت کام کرنے والے اساتذہ کی کم از کم تنخواہ کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا ہے ۔
قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی تعلیم و تربیت کا اجلاس وفاقی نظامتِ تعلیمات میں ڈاکٹر شازیہ سومرو کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی کی سابقہ سفارشات کی جامع رپورٹ اور ان پر عمل درآمد کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ پیش کی گئی۔اجلاس میں اردو یونیورسٹی کے ملازمین کی تنخواہوں کے مسائل بھی زیر بحث آئے ۔ پیرا کے حکام نے کمیٹی کو نجی سکولوں کی فیس اور قوانین سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ تعلیمی سیشن کے دوران فیس میں اضافہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ سکول دو وینڈرز کے انتخاب کے قواعد کے مطابق ہی یونیفارم اور کتابیں فراہم کرتے ہیں۔