راولپنڈی میں بسنت بہار میلہ ،صرف فیملیز کو اجازت ہوگی
رنگ روڈ یا لیاقت باغ میں میلہ منعقد کرنے کاجلد حتمی فیصلہ کیا جائے گا انٹری پاس جاری کئے جائیں گے ،ڈور بھی چیک ہوگی،آر ڈی اے میں اجلاس
راولپنڈی(نیوزرپورٹر) آر ڈی اے میں بسنت بہار میلے کے انعقاد کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ فیصلہ کیا گیا کہ بسنت بہار میلے میں صرف فیملیز کو داخلے کی اجازت دی جائے گی، اور اس مقصد کے لیے انٹری پاس جاری کئے جائیں گے ۔ اجلاس میں بسنت بہار میلے کے مقام کے حوالے سے بھی غور کیا گیا، جس کے تحت رنگ روڈ یا لیاقت باغ میں میلہ منعقد کرنے کاجلد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈی جی آر ڈی اے انور باران نے کی۔ انہوں نے کہا بسنت بہار میلہ شروع کرنے سے قبل پتنگ بازی میں استعمال ہونے والی ڈورز کو مکمل طور پر چیک کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے ۔ محکمہ داخلہ نے پتنگ اور ڈور تیار کرنے والوں، فروخت کنندگان اور کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز کی باضابطہ رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا ہے ۔