فوڈ اتھارٹیز کی کارروائیاں، 2ماہ میں 28ہزار لٹر ناقص دودھ تلف
14افراد کیخلاف مقدمات درج، 23سیمپلز میں پانی کی ملاوٹ کا انکشاف
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) پنجاب اور اسلام آباد فوڈ اتھارٹیز نے دودھ میں ملاوٹ کے خلاف بڑے پیمانے پر مشترکہ کریک ڈاؤن کرتے ہوئے گزشتہ دو ماہ کے دوران تقریباً 1لاکھ 30ہزار لٹر دودھ کی چیکنگ کی، 28ہزار لٹر ملاوٹی اور جعلی دودھ کو تلف کر دیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران ملاوٹ میں ملوث 14افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے گئے۔ چیکنگ کے دوران انکشاف ہوا کہ بڑی مقدار میں دودھ خشک پاوڈر اور ویجیٹیل آئل کی آمیزش سے تیار کیا جا رہا تھا۔ گزشتہ دو ماہ میں مجموعی طور پر 68دودھ کے سیمپلز حاصل کیے گئے جن میں سے 23سیمپلز پانی کی ملاوٹ کے باعث فیل قرار پائے جبکہ 14سیمپلز خشک پائوڈر اور ویجیٹیل آئل کی ملاوٹ ثابت ہونے پر مسترد کیے گئے 1ہزار کلو ویجیٹیل گھی/آئل، 525کلو خشک پائوڈر اور بھاری مقدار میں سرف بھی برآمد کیا گیا جنہیں جعلی دودھ کی تیاری میں استعمال کیا جانا تھا۔ یہ ملاوٹی دودھ جڑواں شہروں اور گردونواح میں سپلائی کیا جانا تھا تاہم بروقت کارروائی سے بڑی مقدار مارکیٹ میں پہنچنے سے روک لی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔