مہنگائی، راولپنڈی میں 26افراد گرفتار اور 21عمارتیں سیل
6479مقامات میں سے 551مقامات پر چیکنگ، 9لاکھ سے زائد جرمانے
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) کمشنر راولپنڈی ڈویژن عامر خٹک کی زیر صدارت ڈویژن بھر میں پرائس کنٹرول کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ سبزی، پھل، دالوں، آٹا، چینی، گھی، مرغی کے گوشت اور دیگر بنیادی اشیاء کی قیمتوں پر خصوصی نظر رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ میں مجسٹریٹس کی موجودگی کو مؤثر بنایا جائے اور روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کا دورہ کر کے قیمتوں کی نگرانی کی جائے۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ڈویژن بھر میں 6479مقامات میں سے 551مقامات پر چیکنگ کرتے ہوئے خلاف ورزی پائی گئی۔ ان کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 9,49,500روپے کا جرمانہ، 26افراد گرفتار اور 21عمارتیں سیل کی گئیں۔ دوسری جانب کمشنر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کیا۔ کمشنر راولپنڈی نے دورے کے دوران نظم و ضبط، صفائی، سروس ڈلیوری اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ادھر کمشنر خٹک نے راجہ بازار بیوٹیفکیشن منصوبے کی سائٹ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں، معیار، رفتار اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔