لہتراڑ روڈ پر قائم غیر قانونی نجی ہائوسنگ سوسائٹی کو نوٹس جاری
15دن میں غیر قانونی تعمیرات ختم نہ کی گئیں تو آپریشن کرینگے ،ترجمان سی ڈی اے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)سی ڈی اے نے لہتراڑ روڈ زون 4میں قائم ہاؤسنگ سکیم اتفاق ریزیڈنشیا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے باضابطہ نوٹس جاری کر دیا ہے ۔ نوٹس سکیم میں غیر قانونی و غیر مجاز تعمیرات کی وجہ سے جاری کیا گیا ہے ۔سی ڈی اے حکام کے مطابق جاری تعمیراتی کام قواعد و ضوابط کی صریح خلاف ورزی ہے ۔ نوٹس میں واضح کیا گیا ہے کہ سکیم انتظامیہ 15 دن کے اندر تمام غیر قانونی تعمیرات خود ختم کرے ، بصورت دیگر سی ڈی اے خود کارروائی کرتے ہوئے ان تعمیرات کو مسمار کر دے گا۔ ترجمان سی ڈی اے کا کہنا ہے کہ اتھارٹی شہر میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور کسی بھی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ادھر سی ڈی اے نے عوام الناس سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی پراپرٹی میں سرمایہ کاری سے قبل اس کی مکمل قانونی حیثیت ضرور چیک کریں۔