فوڈ اتھارٹی کی کارروائی،16ہزار لٹرمضر صحت مشروب تلف
کارروائی رتہ امرال میں کی گئی، جعلی تاریخیں درج کی گئی تھیں،ملزم گرفتار،مقدمہ درج
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے رمضان المبارک کے دوران ملاوٹ مافیا کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے رتہ امرال کے علاقے میں قائم کولڈ ڈرنکس کے خفیہ گودام پر چھاپہ مار کر 16ہزار لٹر معروف برانڈز کی ایکسپائرڈ کولڈ ڈرنکس اور مشروبات موقع پر تلف کر دیئے۔ ترجمان کے مطابق کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، چھاپے کے دوران انکشاف ہوا کہ گودام میں موجود ملزمان ایکسپائرڈ کولڈ ڈرنکس کی بوتلوں اور کینز پر درج اصل ایکسپائری تاریخ کو بفر مشین کے ذریعے مٹا کر اسکی جگہ نئی تاریخ درج کر رہے تھے تاکہ ان مشروبات کو دوبارہ مارکیٹ میں فروخت کیا جاسکے۔ ٹیم نے موقع پر ہی بڑی مقدار میں ایکسپائرڈ کولڈ ڈرنکس برآمد کر کے تلف کر دیں، کارروائی کے دوران پولیس کو طلب کر لیا گیا جس نے موقع پر موجود ملزمان کو ایکسپائری تاریخ میں ردوبدل کرنے کے جرم میں گرفتار کر لیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانے میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔