کمپیوٹرائزد لینڈ ریکارڈ ،الیکٹرک بسیں ،الاٹیوں کو قبضے دیئے ،محمد علی رندھاوا
مائی اسلام آبادایپ کا اجرا ، ای-سٹامپ پیپر اورڈیجیٹل پارکنگ سسٹم متعارف کرایا پیپر ملبرری کے 29 ہزار درخت ختم ،گارڈینیا حب نرسری کا قیام،30لاکھ پودے لگائے 1170 کنال سے زائد سرکاری اراضی واگزار کرائی،ڈی جی پاسپورٹ کا دنیا کو انٹرویو
اسلام آباد( زاہداعوان ) ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ اینڈ امیگریشن محمد علی رندھاوا نے کہاہے کہ بطور چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے ، 160 الیکٹرک بسیں چلائیں، برسوں سے زیرالتوا الاٹیوں کو قبضے دئیے ۔ مائی اسلام آبادایپ کا اجرا، لینڈ ریکارڈ کی مکمل کمپیوٹرائزیشن، ای-سٹامپ پیپر اورڈیجیٹل پارکنگ سسٹم متعارف کرایا گیا، ون ونڈو آپریشنز کو مکمل طور پر کیش لیس کیا۔گارڈینیا حب نرسری کا قیام اور 30لاکھ سے زیادہ پودے لگائے ، ڈپلومیٹک انکلیو اور سیدپور ویلیج میں 1170 کنال سے زائد سرکاری اراضی واگزار کرائی۔
دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسلام آباد اب ایک جدید، تیز تر اور بہتر شہر بن چکا ہے۔انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ کے حوالے سے گزشتہ دو برسوں میں ریکارڈ مدت میں بڑے منصوبے مکمل کیے گئے ، جن میں جناح سکوائر انٹرچینج، رجب طیب ایردوان انٹرچینج، اقبال فلائی اوور اور شاہین چوک انڈر پاس شامل ہیں۔ اسلام آباد ایکسپریس وے کو سگنل فری کوریڈور بنایا گیا جبکہ پارک روڈ کی توسیع سے ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ حل ہوا۔ سیکٹرآئی 15کا قبضہ الاٹیز کے حوالے کر دیا گیا، سی14اور آئی 12میں ترقیاتی کام مکمل ہو چکے ہیں۔ شہر کی خوبصورتی اور ماحول کے لیے 50 ایکڑ پر محیط گارڈینیا حب نرسری قائم کی گئی جہاں 12 لاکھ پودے تیار کیے گئے۔
مختلف مہمات کے دوران 30 لاکھ سے زائد پودے اور بیج لگائے گئے ، جبکہ الرجی کا باعث بننے والے پیپر ملبرری کے 29 ہزار درختوں کا خاتمہ کر کے متبادل شجرکاری کی گئی۔ اسلام آباد واٹر ایجنسی کا قیام، 100 ریچارج ایبل کنوئوں کی تعمیر اور کیپیٹل ہسپتال میں روبوٹک سرجری و نیورولوجی سینٹر کا قیام عوامی فلاح کے بڑے منصوبے ثابت ہوئے ۔شہریوں کو صحت مند تفریح فراہم کرنے کے لیے 9 مقامات پر پیڈل ٹینس کورٹس قائم کیے ، انہوں نے ریونیو کیسز کے فیصلے اور اسلام آباد ماڈل جیل کی تعمیر میں تیزی کو بھی اپنی ترجیحات کا اہم حصہ قرار دیا۔