پانی اور صفائی کی پائیدار سہولیات کیلئے پہلا نیشنل واش ڈیٹا بیس
منصوبہ عالمی ادارہ صحت، یونیسف اور واٹر ایڈ کی تکنیکی معاونت سے تیار کیا جائے گا
اسلام آباد ( دنیارپورٹ ) پاکستان کے پانی، صفائی اور حفظانِ صحت کے شعبے میں ایک تاریخی اقدام کے تحت وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی نے ملک کے پہلے نیشنل WASH اکاؤنٹس کے قیام کا آغاز کر دیا ہے ۔ اس منصوبے کو ادارہ شماریات کے تعاون سے عملی شکل دی جائے گی تاکہ ملک میں پانی، صفائی اور حفظانِ صحت کی خدمات کے لیے ایک مربوط قومی ڈیٹا بیس قائم کیا جا سکے جو ماحولیاتی طور پر پائیدار اور مضبوط ہو۔ یہ منصوبہ عالمی ادارہ صحت، یونیسف اور واٹر ایڈ کی تکنیکی معاونت سے تیار کیا جائے گا اور اس کا مقصد طویل عرصے سے موجود ڈیٹا کے خلا کو پر کرنا ہے جس نے شواہد پر مبنی منصوبہ بندی، مالی معاونت اور شعبے میں ہم آہنگی کو متاثر کیا تھا۔ وزارت کے میڈیا ترجمان سلیم شیخ نے بتایا یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان ملک بھر میں پانی اور صفائی کی خدمات کی نگرانی کے لیے ایک واحد قومی فریم ورک کی جانب قدم بڑھا رہا ہے ۔ اس نظام کے تحت وفاقی اور صوبائی حکام سرمایہ کاری، خدمات کی فراہمی اور عوامی فنڈز کے استعمال کی نگرانی کے لیے معیاری اور بروقت معلومات حاصل کر سکیں گے ۔ وفاقی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی عائشہ حمیرا نے اس اقدام کو پاکستان کی پانی اور صفائی کی گورننس میں سنگ میل قرار دیا۔