سیمی کنڈکٹر سیکٹر کے فروغ کیلئے 4.84 ارب کا پروگرام شروع
اپ سکلنگ ٹریننگ پروگرام لانچ، نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت دی جائیگی،شزہ فاطمہ
اسلام آباد ( نیوز رپورٹر ،ایجنسیاں )وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے پاکستان میں سیمی کنڈکٹر سیکٹر کی ترقی کے لیے ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے اپ اسکلنگ ٹریننگ پروگرام (یو ایس ٹی پی) کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ پروگرام وزیرِ اعظم شہباز شریف کے فلیگ شپ منصوبے نیشنل سیمی کنڈکٹر ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد پاکستانی نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، بالخصوص سیمی کنڈکٹر انڈسٹری سے متعلق مہارتیں فراہم کرنا ہے۔
اس منصوبے کے لیے 4.844 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ تربیتی پروگرام کے تحت نوجوانوں کو سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجی میں ڈیجیٹل ڈیزائن اور ویریفیکیشن جیسے اہم شعبوں میں مہارت دی جائے گی۔ چار ماہ پر مشتمل یہ پروگرام مئی سے شروع ہوگا۔ وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ حکومت نوجوانوں کو عالمی ٹیکنالوجی انڈسٹری کے تقاضوں کے مطابق تیار کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ ان کے مطابق اس پروگرام کے ذریعے پاکستان کو عالمی سیمی کنڈکٹر ویلیو چین کا حصہ بنانے کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔