کپاس کی کاشت کا 30فیصد ہدف حاصل کر لیا،سیکرٹری زراعت
کاشتکاروں کو نہری پانی کی وافر اور بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے، افتخار علی
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر میں کپاس کی کاشت کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں رواں سیزن کیلئے 32لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس میں سے اب تک 30فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔ کاشتکاروں کو کپاس کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے بھرپور آگاہی فراہم کی جائے تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن بنایا جاسکے۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ کپاس کے کاشتکاروں کو نہری پانی کی وافر اور بروقت فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ فصل کی بہتر نشوونما ممکن ہو۔ انہوں نے کھادوں اور زرعی ادویات میں ملاوٹ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔