اسلام آباد، عید صفائی آپریشن کیلئے 2 ہزار اہلکار مامور

اسلام آباد، عید صفائی آپریشن کیلئے 2 ہزار اہلکار مامور

آلائشیں تلف کرنے کیلئے 89مقامات پر 151سے زائد گڑھے کھود لیے گئے

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اسلام آباد میں عیدالاضحی کے موقع پر صفائی کا جامع پلان تشکیل دے دیا گیا۔ اس سلسلے میں چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی زیر صدارت خصوصی صفائی آپریشن کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ بریفنگ میں بتایا گیا سی ڈی اے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا 2000سے زائد عملہ خصوصی صفائی آپریشن میں حصہ لے گا، 200سے زائد گاڑیاں استعمال میں لائی جائینگی۔ جانوروں کی آلائشوں کو تلف کرنے کیلئے 89مختلف مقامات پر 151سے زائد گڑھے کھودے گئے ہیں، تقریباً دو لاکھ سے زائد بائیو ڈیگریڈ ایبل بیگ مفت تقسیم کئے جارہے ہیں۔

ذ بح خانوں اور آلائشوں سے بدبو اور تعفن ختم کرنے کیلئے فنائل اور چونے کا چھڑکاؤ بھی کیا جائیگا۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اوجھڑیاں نالوں، جنگلوں وغیرہ میں نہ پھینکیں، صفائی آپریشن کی نگرانی کیلئے اسلام آباد سیف سٹی کے سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمروں کا استعمال بھی کیا جائیگا، شہری صفائی کے حوالے سے معاملات یا اوجھڑیاں وغیرہ اٹھوانے کیلئے سینی ٹیشن ہیلپ لائن نمبر 1334یا 9213908پر رابطہ کرسکتے ہیں۔ دریں اثنا ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں صفائی آپریشن کی مکمل حکمت عملی طے کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں