صفائی آپریشن کو مؤثر بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ،طاہرہ اورنگزیب

صفائی آپریشن کو مؤثر بنانے کیلئے  اقدامات کر رہے ،طاہرہ اورنگزیب

ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ آر ڈبلیو ایم سی کے کنٹرول روم کا دورہ ،آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت

راولپنڈی(نیوزرپورٹر)ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے ممبر قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کے ہمراہ راول ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں انہیں عیدالاضحیٰ کے موقع پر جاری خصوصی صفائی آپریشن اور ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت کیے جانے والے انتظامات پر بریفنگ دی گئی، ایم ڈی آر ڈبلیو ایم سی رانا ساجد اور دیگر متعلقہ افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی آپریشن کو مؤثر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جبکہ شکایات کے فوری ازالے کے لیے کنٹرول روم چوبیس گھنٹے فعال ہے ۔ طاہرہ اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی آپریشن بھرپور انداز میں جاری ہے اور تمام شکایات کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ آخری آلائش تک صفائی کا عمل جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے ۔ شہریوں کی سہولت کے لیے خصوصی ہیلپ لائن نمبر جاری کیا گیا ہے جبکہ آلائشیں اٹھانے کے دورانیے کو 40 منٹ سے کم کر کے 25 منٹ کر دیا گیا ہے تاکہ عوامی شکایات پر مزید تیزی سے عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں