پولیس افسران و جوانوں کی فلاح کیلئے اقداما ت کر رہے ، ڈی آئی جی
پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے مزین کیا جارہا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس ہیڈکوارٹرز عتیق طاہر کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا، اجلاس کا مقصد اسلام آباد پولیس کے جاری ترقیاتی منصوبوں، ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے ، انفراسٹرکچر کی بہتری، افسران و جوانوں کی فلاح و بہبود کے اقدامات اور مختلف انتظامی امور کا جائزہ لینا تھا۔اجلاس کے دوران اسلام آباد پولیس کی جدید تعمیراتی سکیموں، نئی عمارتوں اور سہولیات کی تعمیر، موجودہ انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن، دفتری و آپریشنل استعداد میں اضافے کے لیے کیے جانے والے اقدامات اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اس کے علاوہ پولیس افسران و جوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے متعارف کرائی گئی مختلف ویلفیئر انیشی ایٹوز، رہائشی سہولیات، طبی امداد، تعلیمی معاونت اور دیگر رفاہی پروگراموں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ڈی آئی جی نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ، پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے مزین اور عوام دوست ادارہ بنانے کے لیے ترقیاتی اور فلاحی منصوبوں کا بروقت اور معیاری تکمیل کے ساتھ مکمل ہونا ناگزیر ہے ۔