جاری ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں،کمشنر راولپنڈی
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) کمشنر راولپنڈی ڈویژن و ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی انجینئر عامر خٹک کی زیر صدارت آر ڈی اے کے کانفرنس روم میں اجلاس ہوا۔۔۔
اجلاس میں چیف پلانر آر ڈی اے نے ماسٹر پلان راولپنڈی پر جاری پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمشنر نے منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے باقی ماندہ کام تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس کے دوران میونسپل کارپوریشن راولپنڈی (ایم سی آر) کے افسر نے بھی کمرشل مارکیٹ کی بحالی اور اپ گریڈیشن منصوبے، جو الجنّت مال سے 5thروڈ تک جاری ہے کے بارے میں بریفنگ دی۔ کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور اسے مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ماسٹر پلان راولپنڈی شہر کی منصوبہ بندی، ترقی اور پائیدار شہری ترقی کیلئے ایک بنیادی دستاویز کی حیثیت رکھتا ہے ۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کے مابین مؤثر رابطہ اور باہمی تعاون کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ابھرتے ہوئے شہری مسائل کے حل، بنیادی شہری سہولیات کی بہتری اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کیلئے مربوط حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے ۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سرگرمیاں منظور شدہ منصوبہ بندی کے معیار اور مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کی جائیں۔