راولپنڈی ڈویژن:اقلیتوں کی جاری سکیموں کیلئے 20کروڑ مختص
عبادتگاہوں کیلئے 13کروڑ ،قبرستان، شمشان گھاٹ،کمیونٹی سینٹرز کیلئے 6 کروڑ 68لاکھ
راولپنڈی (زاہد اعوان) حکومتِ پنجاب نے مالی سال 2026-27 کے سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کے تحت صوبہ بھر بشمول راولپنڈی ڈویژن، میں اقلیتی برادریوں کی فلاح و بہبود اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے جاری ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 20 کروڑ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کرنے کی منظوری دے دی ۔ اے ڈی پی کے تحت راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، مری اور تلہ گنگ سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی تزئین و آرائش اور مرمت کے ذریعے مذہبی سیاحت کے فروغ کے منصوبے کے لیے نئے مالی سال میں 13 کروڑ 37 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس سکیم کی مجموعی لاگت 30 کروڑ روپے ہے جبکہ رواں مالی سال کے اختتام تک 16کروڑ 62 لاکھ روپے سے زائد خرچ کیے جا چکے ہیں۔اسی طرح قبرستانوں، جنازہ گاہوں، شمشان گھاٹوں اور کمیونٹی سینٹرز کی تعمیر و مرمت کے لیے 6 کروڑ 68 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس منصوبے کی مجموعی لاگت 20 کروڑ روپے ہے جبکہ جون تک 13 کروڑ 31 لاکھ روپے سے زائد خرچ ہو چکے ہیں۔ نئے مالی سال کے لیے منظور شدہ رقم میں سے 1 کروڑ 71 لاکھ روپے تعمیراتی کاموں اور 4 کروڑ 97 لاکھ روپے دیگر اخراجات کے لیے رکھے گئے ہیں ۔
اقلیتی سکیمیں