وفاقی بجٹ آئی ایم ایف کے زیر اثر ،عوام دشمن ،صفدر عباسی

وفاقی بجٹ آئی ایم ایف کے زیر اثر ،عوام دشمن ،صفدر عباسی

دعوؤں کے باوجود مہنگائی، بے روزگاری، بجلی، گیس مہنگی ،ناہید خان ،دیگر کی پریس کانفرنس

راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی ورکرز کے صدر و سابق سینیٹر صفدر علی عباسی اور سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی پولیٹیکل سیکرٹری و سابق رکن قومی اسمبلی ناہید خان نے وفاقی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے آئی ایم ایف کے زیرِ اثر اور عوام دشمن بجٹ قرار دیا ہے جو عام پاکستانیوں کو درپیش بڑھتی ہوئی مشکلات کے حل میں مکمل طور پر ناکام رہا ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی اجلاس کے دوران کیا، اجلاس میں فیاض علی اور امجد علی بلوچ ، وحید افضل ، کنور زاہد کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے معاشی استحکام کے دعوؤں کے باوجود مہنگائی، بے روزگاری، بجلی، گیس اور دیگر یوٹیلٹی اخراجات میں مسلسل اضافہ، اور عوام کی قوتِ خرید میں کمی نے لوگوں کا معیارِ زندگی بری طرح متاثر کیا ہے ،معاشی بوجھ بدستور تنخواہ دار طبقے ، پنشنرز، مزدوروں، کسانوں، چھوٹے تاجروں اور متوسط طبقے پر ڈالا جا رہا ہے ۔

، جبکہ کئی خوشحال اور بااثر شعبے مؤثر ٹیکس نظام سے باہر ہیں ،پارٹی نے پاکستان کے بڑھتے ہوئے قرضوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی وسائل کا ایک بڑا حصہ قرضوں اور ان کے سود کی ادائیگی پر خرچ ہو رہا ہے ، جس کے باعث تعلیم، صحت، روزگار کے مواقع، سائنسی تحقیق اور سماجی بہبود جیسے اہم شعبے نظرانداز ہو رہے ہیں بجٹ میں ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے ، معیشت کو دستاویزی شکل دینے اور بیرونی قرضوں پر انحصار کم کرنے کے لئے بھی کوئی قابلِ اعتماد حکمتِ عملی پیش نہیں کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں