اسلام آباد ،مسلح ملزمان کی پولیس پر فائرنگ ،دو ڈاکو گرفتار
پولیس نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو ناکے پر روکا تو انہوں نے فائرنگ کر دی
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)تھانہ شالیمار کی حدود میں ڈکیت گینگ کے چار مسلح ملزمان نے پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں ان کے دو ساتھی زخمی حالت میں گرفتار ہو گئے ۔ پولیس ٹیم بلٹ پروف جیکٹ اور حفاظتی تدابیر کی بدولت محفوظ رہی۔ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ملزمان نے ایک شہری سے پرس چھیننے کی واردات کی تھی۔ شہری کی اطلاع پر پولیس ٹیم ملزمان کی تلاش میں سرچ آپریشن میں مصروف تھی کہ سیکٹر E-11 سے D-12 کی جانب موٹر سائیکل پر سوار چار مشکوک افراد نظر آئے ۔ پولیس ٹیم نے انہیں روکنے کا اشارہ کیا تو مسلح ملزمان نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔پولیس ٹیم کی جانب سے جوابی کارروائی اور فائرنگ کا سلسلہ روکنے کے بعد جنگل کے علاقے میں دو ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی حالت میں پائے گئے ۔ زخمی ملزمان کی شناخت نوراللہ اور بختیار علی کے ناموں سے ہوئی، جو ڈاکیتی، راہزنی اور دیگر سنگین جرائم میں سابقہ ریکارڈ رکھتے ہیں۔ملزم نوراللہ کا تعلق افغانستان سے بتایا گیا ہے اور وہ بھی سابقہ ریکارڈ یافتہ ہے ۔ گرفتار زخمی ملزمان سے شہری کا چھینا گیا پرس برآمد کر لیا گیا ہے ، جس میں 30 ہزار روپے نقد، شناختی کارڈ اور اے ٹی ایم کارڈ موجود تھے ۔ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل اور دو پستول بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔