چند روز میں اہم کامیابیاں ،قتل کیس کے 3ملزم گرفتار ،آئی جی
دوہرے قتل کیس کا مرکزی ملزم پکڑلیا ،اہم قتل کیسز 48 گھنٹوں میں حل،پریس کانفرنس
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس علی ناصر رضوی نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے گزشتہ چند روز میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں ، دوہرے قتل کیس کا مرکزی ملزم 48 گھنٹوں میں گرفتار کیا، 117 سی ڈی آرز اور 41 کیمروں کی مدد سے پولیس ٹیموں نے سفاک قاتل کی گرفتاری یقینی بنائی، اس کے علاوہ مؤثر حکمت عملی کی بدولت اہم قتل کیسز 24 سے 48 گھنٹوں میں حل کیے ۔ ڈی آئی جی جواد طارق اور ڈی ایس پی سی آئی اے سلمان شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے دو دن قبل تھانہ آبپارہ کی حدود میں رات کے وقت ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ملزم بلال حسین نے گھریلو تنازع کی بنا پر اپنی سابقہ اہلیہ فرحانہ یونس اور نگہت یاسمین کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ خیبرپختونخوا پولیس اور انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کے بھرپور تعاون سے سفاک ملزم بلال کو گرفتار کرنا ممکن ہو سکا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے آلات قتل بھی برآمد کر لیے گئے ہیں، جبکہ مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان محمد حسین اور مدثر سے تفتیش جاری ہے ۔آئی جی نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے اسلام آباد پولیس کی ہمیشہ یہ روایت رہی ہے کہ پیشگی پولیسنگ، کمیونٹی پولیسنگ اور جرائم کی بروقت نشاندہی کے لیے جدید اور مؤثر طریقہ کار اختیار کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل بھی 15 جون 2026 کو تھانہ کورال کی حدود میں طارق نامی شخص نے اپنی بیوی عشرت فاطمہ کو قتل کیا تھا، جس میں ملزم کو 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا گیا۔