ممکنہ مون سون ،نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی ایڈوائزری جاری
غیر ضروری سفر سے گریزکریں ، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی موجود
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے یکم تا 6جولائی کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی سے قبل شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے ، بارشوں کے باعث قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر پھسلن، حدِ نگاہ میں کمی اور ٹریفک حادثات کے خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔ شہری بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سفر کی صورت میں انتہائی احتیاط کا مظاہرہ کریں۔
ڈرائیور حضرات گاڑی کی رفتار کم رکھیں، اگلی گاڑی سے مناسب اور محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں اور ہیڈ لائٹس کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ حدِ نگاہ بہتر رہے اور حادثات سے بچا جا سکے ۔ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے کا خدشہ بھی موجود ہے ، لہٰذا ایسے علاقوں کا سفر احتیاط سے کیا جائے ۔ برساتی ندی نالوں میں طغیانی کے امکانات کے پیش نظر شہریوں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ سیلابی پانی سے ہرگز گزرنے کی کوشش نہ کریں کیونکہ یہ انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔