سی ڈی اے ، صفائی عملے کی تنخواہوں کیلئے 7 کروڑ 62 لاکھ جاری
چیئرمین سی ڈی اے کی منظوری سے رقم ممبر ماحولیات کو فراہم کر دی گئی ،نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد(خصوصی رپورٹر) سی ڈی اے کے فنانس ونگ نے صفائی عملے کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے 7کروڑ 62لاکھ 94ہزار روپے (76.294 ملین روپے ) کے اضافی فنڈز جاری کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔نوٹیفکیشن کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے کی منظوری سے یہ رقم ممبر ماحولیات کو فراہم کی گئی ہے تاکہ آؤٹ سورس سیکٹرز کے سابق کنٹریکٹر کے ذریعے بھرتی کیے گئے سینیٹری سٹاف کی مئی اور جون 2026 کی تنخواہیں ادا کی جا سکیں۔
دستاویز کے مطابق فنڈز کی فراہمی پیپرا قواعد، مالیاتی ضوابط اور متعلقہ ایس او پیز کے تحت ہوگی، جبکہ ادائیگی سے قبل پری آڈٹ اور تمام قانونی و مالیاتی تقاضے پورے کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے ۔ نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ کسی بھی ملازم کو دوہری ادائیگی ہرگز نہیں کی جائے گی اور اس کی ذمہ داری متعلقہ شعبے پر ہوگی۔مزید کہا گیا ہے کہ یہ فنڈز صفائی کے نجکاری نظام کے تحت کیے جانے والے اخراجات کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ اخراجات صرف مجاز اتھارٹی کی منظوری اور معمول کے آڈٹ کے بعد ہی کیے جا سکیں گے ۔ اس سلسلے میں فنانس ونگ کے 20 اگست 2025 کے سابقہ مراسلے میں بھی ضروری ترمیم کی گئی ہے ، جبکہ دیگر تمام شرائط بدستور برقرار رہیں گی۔